انشورنس فراڈ: گاڑیوں پر حملہ کرنے والا ’ریچھ‘ انسان نکلا

،ویڈیو کیپشن
    • مصنف, سارین حبشیان
  • مطالعے کا وقت: 2 منٹ

کیلیفورنیا میں تین افراد کو ایک انشورنس فراڈ کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی ہے، جس میں ایک شخص کو ریچھ کا لباس پہنا کر لگژری گاڑیوں پر جعلی حملے کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

انشورنس کمپنیوں کو بطور ثبوت دی گئی وائرل ویڈیو میں بظاہر 28 جنوری 2024 کو لیک ایروہیڈ میں 2010 ماڈل کی رولز رائس گھوسٹ میں ایک ریچھ نظر آ رہا تھا۔ اسی تاریخ اور مقام پر دو مہنگی مرسڈیز گاڑیوں کے لیے بھی اسی نوعیت کے دعوے دائر کیے گئے تھے۔

تاہم کیلیفورنیا ڈیپارٹمنٹ آف فِش اینڈ وائلڈ لائف کے ماہرینِ حیاتیات نے ویڈیو کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا کہ یہ دراصل ریچھ کے لباس میں ملبوس ایک انسان تھا۔

ریاستی انشورنس ڈیپارٹمنٹ نے ’آپریشن بیئر کلا‘ شروع کیا، سرچ وارنٹ پر عمل درآمد کیا اور ملزمان کے گھر سے ریچھ کا لباس برآمد کیا۔ اس فراڈ میں 141,839 ڈالر (105,000 پاؤنڈ) کی انشورنس ادائیگیاں شامل تھیں۔

bear

،تصویر کا ذریعہCalifornia Department of Insurance

39 سالہ الفیا زکر مین، 26 سالہ روبن تمرازیان اور 32 سالہ واہے مرادخانیان نے سنگین انشورنس فراڈ کرنے کے الزامات کی تردید نہیں کی، جس کے بعد جمعرات کو انھیں 180 دن قید اور دو سال زیرِ نگرانی پروبیشن کی سزا سنائی گئی۔

ریاستی انشورنس کمشنر ریکارڈو لارا نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’جو ناقابلِ یقین لگ رہا تھا، وہ واقعی ہی سچ ثابت ہوا اور اب ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جا رہا ہے۔‘