’ٹرمپ کے آدھے حامی ناپسندیدہ ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والوں میں سے آدھے لوگ کو انتہائی ’ناپسندیدہ‘ قرار دیا ہے۔
ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں میں نسل پرست، صنفی متعصب، مذہبی متعصب اور غیر ملکیوں سے نفرت کرنے والے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کے باقی حامی تو بس تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظم کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن نے اپنے بیان سے لاکھوں امریکیوں کی بے عزتی کی ہے۔
گذشتہ ہفتے کی عوامی رائے شماری سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہلری کلنٹن کی برتری کم کر رہے ہیں اور دونوں امیدوار فلوریڈا اور اوہائیو کی اہم ریاستوں میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں۔
ادھر انتخابات کے حوالے سے دیگر پیش آنے والی پیش رفت میں:
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایرانی کشتیاں امریکی بحری جہازوں کے قریب آتی ہیں تو وہ ایرانی کشتیوں پر حملے کا حکم دیں گے۔ ان کا اشارہ خلیجِ فارس میں دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان حالیہ واقعات کی جانب تھا۔
ادھر رپبلکن پارٹی کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار مائک پینس نے اپنی ٹیکس تفصیلات شائع کر دی ہیں جس سے ڈونلڈ ٹرمپ پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے علاوہ صدر کلنٹن کی صدارتی لائبریری نے سنہ 2000 کی صدر کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی چند تصاویر جاری کی ہیں جب دونوں خاندان میں مراسم بہت بہتر تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ہلری کلنٹن نے یہ بیان نیویارک میں ایک ہم جنس برست ریلی پر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ عمومی انداز میں دیکھیں تو ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والوں میں سے آدھے لوگ کو انتہائی ناپسندیدہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے لوگ ہوتے ہیں اور ٹرمپ نے انھیں آواز دی ہے۔
انھوں نے کہا ٹرمپ کے باقی حامی وہ ہیں جو کہ حکومت اور معیشت سے نالاں ہیں اور تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
’وہ ٹرمپ کی ہر بات کا یقین نہیں کرتے مگر ٹرمپ شاید کچھ ایسی امید دے سکا ہے کہ (اس کے آنے سے) حالات مختلف ہوں گے۔ ایسے لوگوں کو ہمیں سمجھنا ہوگا اور ان کے درد میں حصہ بھی ڈالنا ہوگا۔‘
ہلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے منتظم نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہلری کلنٹن نے قابلِ مذمت جن لوگوں کو کہا ہے ان میں ’الٹ رائٹ‘ نامی گروہ جیسے لوگ ہیں۔ الٹ رائٹ ایک آن لائن تنظیم ہے جسے بیشتر تجزیہ کار نفرت انگیز تصور کرتے ہیں۔





















