آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کا مقبوضہ غرب اردن کے سرحدی علاقے کو اسرائیل میں شامل کرنے کا وعدہ، عرب ممالک کی مذمت
عرب ممالک نے اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یایو کی جانب سے مقبوضہ غرب اردن کے سرحدی علاقے کو اسرائیل میں شامل کرنے کے بیان کی مذمت کی ہے۔
منگل کے روز اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یایو نے کہا کہ اگر وہ انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہو گئے تو وہ مقبوضہ غرب اردن کے ایک سرحدی علاقے کو اسرائیل میں شامل کر لیں گے۔
اردن، ترکی اور سعودی عرب میں حکام نے بنیامین نتن یایو کے اس اعلان پر شدید تنقید کی ہے۔
عرب لیگ نے اس ’خطرناک پیشرفت‘ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’جارحیت‘ قرار دیا ہے۔
فلسطین کے سفارت کار سائب ایریکٹ نے کہا ہے کہ اس طرح کا اقدام ’جنگی جرم‘ ہو گا جس سے ’امن کے مواقع بالکل ختم ہو جائیں گے۔‘
نتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی حاکمیت کو وادی اردن اور شمالی بحیرہ مردار تک پھیلا دیں گے۔
ایسا اقدام دائیں بازو کی جماعتوں میں بہت مقبول ہو گا جن کی وہ حمایت حاصل کرنے کے لیے وہ کوشاں ہیں۔ فلسطینی اس اقدام کے سخت مخالف ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلسطین کا رد عمل
فلسطینی چاہتے ہیں کہ غرب اردن کا تمام علاقہ ایک دن ان کی ریاست کا حصہ ہوگا۔ انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے امن کے ہر امکان کو تباہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
اسرائیل نے سنہ 1967 کی جنگ کے وقت سے غرب اردن پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن اسے اسرائیل میں شامل نہیں کیا ہے۔
منگل کو اسرائیل میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں جن میں نتن یاہو کا مقابلہ دائیں بازو کی ایسی جماعتوں سے ہے جو غربِ اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کی حمایت کرتی ہیں۔
نیتن یاہو جو دائیں بازو کی جماعت لیکود پارٹی کے سربراہ ہیں، اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔
انتخابی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیکود پارٹی کا دائیں بازور کی بلو اینڈ وائٹ سیاسی جماعت سے کانٹے کا مقابلہ ہے۔
نتن یاہو نے ایسا کیوں کہا؟
اسرائیل میں چھ ماہ میں دوسری بار انتخابات ہو رہے ہیں اور عوامی جائزوں کے مطابق اس بار بھی سخت مقابلے کی وجہ سے اسی طرح کا نتیجہ متوقع ہے جو گذشتہ اپریل میں سامنے آیا تھا۔ اپریل میں انتخابات کے بعد کسی جماعت کو واضح برتری نہ ملنے کی وجہ سے کوئی حکومت نہیں بنا سکی تھی۔
ٹی وی پر ایک تقریر میں وزیر اعظم نتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’اگر میں اسرائیل کے شہریوں سے ایسا کرنے کے لیے ایک واضح مینڈیٹ حاصل کر لیتا ہوں تو میں آج اپنے ارادوں کا اعلان کر رہا ہوں جن کا اطلاق اگلی حکومت قائم ہوتے ہی ہو جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مقبوضہ اردن میں قائم تمام یہودی بستیوں کو بھی اسرائیل میں شامل کریں گے لیکن اس کے لیے عوام کو امریکی صدر ٹرمپ کے اس دیرینہ امن معاہدے کی اشاعت کا انتظار کرنا پڑے گا جسں میں صدر ٹرمپ اسرائیل اور فلسطینوں کے مابین دیرپا امن کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
غرب اردن کے تنازعے کا پسِ منظر
اسرائیل نے 1967 کی جنگ کے دوران غرب اردن، مشرقی یروشلم، غزہ اور شام کی گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس نے مشرقی یروشلم کو تو سنہ 1980 اور گولان کی پہاڑیوں کو سنہ 1981 میں عملاً اپنا حصہ بنا لیا تھا، تاہم اس اقدام کو بین الاقوامی سطح پر قبول نہیں کیا گیا تھا۔
امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ اپنے سے پہلے آنے والی امریکی حکومتوں کی پالیسی کے برعکس ان دونوں فیصلوں کو قبول کر چکی ہے۔
غرب اردن کی حیثیت کا فیصلہ اسرائیلی فلسطینی تنازعہ کی تہہ تک جاتا ہے۔ اسرائیل نے غرب اردن اور مشرقی یروشلم میں 140 آبادیاں قائم کی ہیں جنھیں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی کہا جاتا ہے۔ جبکہ اسرائیل اس سے متفق نہیں ہے۔