آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

زیر تعمیر پُلوں پر حملے ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے: ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی صدر کو جواب

کرج میں پُل پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ: ’یہ (حملے) صرف انتشار کا شکار دشمن کی شکست اور اخلاقی زوال کو ظاہر کرتے ہیں۔‘ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پُل پر حملے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ: ایران کا ’سب سے بڑا پُل زمین بوس ہو گیا ہے، اب کبھی استعمال کے قابل نہیں رہے گا، آگے اور بھی بہت کچھ ہونے والا ہے۔‘

خلاصہ

  • برطانیہ کی سیکریٹری خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے 'ہر ممکن سفارتی، معاشی اور مشترکہ اقدام' لینے کے لیے پُرعزم ہیں
  • تہران کے قریب واقع شہر کرج میں پل پر حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک
  • امریکہ اور اسرائیل جنگ بند کریں: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مطالبہ
  • ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ 70 لاکھ ایرانیوں نے فوجی خدمات کے لیے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا ہے
  • آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے 40 ممالک کے وزرائے خارجہ کا آن لائن اجلاس۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے 'عالمی معاشی سلامتی کو نقصان' پہنچ رہا ہے
  • ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ان بحری جہازوں کے لیے کھلی ہے جن کا امریکہ اور اسرائیل سے 'تعلق نہیں‘

لائیو کوریج

  1. امریکی محکمہ دفاع نے فوج کے چیف آف سٹاف کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی

    امریکی محکمہ دفاع نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

    پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ: ’جنرل رینڈی اے جارج فوری طور پر امریکی فوج کے 41ویں چیف آف سٹاف کے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ محکمہ دفاع جنرل جارج کی دہائیوں پر محیط خدمات پر ان کا شکر گزار ہے۔

    خیال رہے اس سے قبل امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    ایک ذریعے نے سی بی ایس کو بتایا کہ ہیگسیتھ چاہتے ہیں کہ جنرل رینڈی جارج کی جگہ ایسا افسر اس عہدے پر لایا جائے جو امریکی فوج کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کے وژن پر عملدرآمد کرے۔

    سی بی ایس نیوز کے مطابق اب تک سیکریٹری دفاع ایک درجن سے زیادہ سینیئر فوجی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔

  2. آبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانے کے لیے محض طاقت کا استعمال مؤثر ثابت نہیں ہوگا, فرینک گارڈنر، نامہ نگار برائے سکیورٹی امور

    اس جنگ نے آبنائے ہرمز کو جس ابتر صورتحال کی طرف دھکیل دیا ہے، اس کی بحالی یقیناً ایک نازک اور پیچیدہ کام ہوگا۔

    ایران آبنائے کے بالمقابل ساحلی پٹی کے بڑے حصے پر قابض ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر وہ چاہے تو کم ٹیکنالوجی والے بے شمار ہتھیار چھپا سکتا ہے، جن کی مدد سے جہازوں پر اچانک حملے کیے جا سکتے ہیں۔

    بحری افواج اپنے جنگی جہاز اس ساحلی پٹی کے بہت قریب بھیجنا نہیں چاہتیں کیونکہ انھیں وہاں حملے کا خدشہ ہے۔

    لہٰذا زیادہ تر عسکری تجزیہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے محض طاقت کا استعمال مؤثر ثابت نہیں ہوگا۔ یہ کام مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہوگا، غالباً کسی تیسرے فریق مثلاً پاکستان کی وساطت سے اور اس کے لیے تہران کی رضا مندی درکار ہوگی۔

    یہ ایران کے دشمنوں کے لیے ایک کڑوی حقیقت ہوگی۔

    امریکہ اور اسرائیل کی 34 دنوں سے جاری تباہ کن فضائی بمباری ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے میں ناکام رہی ہے اور وہ جتنے دن برقرار رہے گی اتنا ہی اس کا عزم مزید مضبوط ہوتا جائے گا۔

    ایران کسی بھی قسم کی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں ہے، اس لیے ممکن ہے کہ وہ تمام جہازوں کو دوبارہ بحفاظت گزرنے کی اجازت دینے سے پہلے زیادہ قیمت وصول کرنے کا فیصلہ کرے، چاہے وہ مالی لحاظ سے ہو یا سٹریٹجک لحاظ سے۔

  3. زیر تعمیر پُلوں پر حملے ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے: ایرانی وزیر خارجہ

    ایران کے شہر کرج میں ایک پُل پر حملے کے بعد اپنے بیان میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ’سویلین مقامات بشمول زیر تعمیر پُلوں پر حملے ایرانیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔‘

    خیال رہے اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پُل پر حملے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ: ایران کا ’سب سے بڑا پُل زمین بوس ہو گیا ہے، اب کبھی استعمال کے قابل نہیں رہے گا، آگے اور بھی بہت کچھ ہونے والا ہے۔‘

    کرج میں پُل پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ: ’یہ (حملے) صرف انتشار کا شکار دشمن کی شکست اور اخلاقی زوال کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہر پُل اور ہر عمارت پہلے سے زیادہ مضبوط بنا لی جائے گی، مگر جو چیز کبھی بحال نہیں ہو سکے گی وہ امریکہ کی ساکھ کو پہنچنے والا نقصان ہے۔‘

  4. کرج میں پُل پر حملے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہوگئی: ایرانی عہدیدار, غنچے حبیبی آزاد، بی بی سی فارسی

    ایران کے شہر کرج میں ایک پُل پر حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

    البرز کے گورنر کے دفتر کے ایک عہدیدار قدرت اللہ سیف نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ان حملوں کو ’خوفناک جرم‘ قرار دیا ہے۔

    کچھ گھنٹوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے شہر کرج میں واقع ایک پُل پر حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک فضائی حملے کے بعد پُل پر شعلے اور دھوئیں کے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انھیں اس حملے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔

    ٹرمپ بظاہر اس حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

  5. امریکی سیکریٹری دفاع نے فوج کے چیف آف سٹاف کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات دے دیے: ذرائع

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    جنرل رینڈی جارج کو سنہ 2027 تک اس عہدے پر رہنا تھا۔

    ایک ذریعے نے سی بی ایس کو بتایا کہ ہیگسیتھ چاہتے ہیں کہ جنرل رینڈی جارج کی جگہ ایسا افسر اس عہدے پر لایا جائے جو امریکی فوج کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کے وژن پر عملدرآمد کرے۔

    سی بی ایس نیوز کے مطابق اب تک سیکریٹری دفاع ایک درجن سے زیادہ سینیئر فوجی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔

  6. پاکستانی حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اعلان

    پاکستان کی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا کہ جمعے سے پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے، جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے ہوگی۔

    علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تیل کی بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والے اضافے کی سبب کیا گیا ہے۔

  7. امریکی صدر کی کرج میں پُل پر حملے کی تصدیق، ایران کو ’مزید تاخیر ہونے سے قبل معاہدہ کرنے‘ کا مشورہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے شہر کرج میں واقع ایک پُل پر حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ آج ہونے والے ایک فضائی حملے کے بعد پُل پر شعلے اور دھوئیں کے بادل اُٹھ رہے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انھیں اس حملے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔

    ٹرمپ بظاہر اس حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے اپنے پلیٹ فارم ٹریوتھ سوشل پر لکھا: ’ایران کا سب سے بڑا پُل زمین بوس ہو گیا ہے، اب کبھی استعمال کے قابل نہیں رہے گا، آگے اور بھی بہت کچھ ہونے والا ہے۔‘

    ’وقت آ گیا ہے کہ اب ایران مزید تاخیر ہونے سے قبل کوئی معاہدہ کر لے ورنہ اس عظیم ملک کے ممکنہ مستقبل میں کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔‘

    ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی کے محکمہ دفاع نے تاحال اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

  8. آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے ’ہر ممکن سفارتی، معاشی اور مشترکہ اقدام‘ لیں گے: برطانوی سیکریٹری خارجہ

    برطانیہ کی سیکریٹری خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے ’ہر ممکن سفارتی، معاشی اور مشترکہ اقدام‘ لینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    نشریاتی اداروں کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایویٹ کوپر کا کہنا تھا کہ اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھلولنے کے عمل کی حمایت کے لیے 40 سے زائد ممالک متحد ہو چکے ہیں۔

    ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کر دینے سے عالمی سپلائی چینز اور توانائی کی قیمتوں پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے۔

    اس سے پہلے ہم نے رپورٹ کیا تھا کہ برطانوی سیکریٹری خارجہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے بات چیت کی میزبانی کر رہی ہیں۔

    ایویٹ کوپر جہازوں پر ایران کے ’غیر ذمہ دارانہ‘ حملوں کی بار بار مذمت کرتی آئی ہیں اور کہتی ہیں کہ ایران ’عالمی معیشت کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ حملے برطانیہ میں مورگیج کی شرح اور پیٹرول کی قیمتوں کو متاثر کر رہے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں جیٹ فیول، افریقہ کو کھاد کی فراہمی اور ایشیا کو گیس کی ترسیل بھی اس سے متاثر ہو رہی ہے۔

    کوپر کا کہنا ہے کہ ان کا کام ’برطانیہ کے قومی مفاد میں فیصلے کرنا‘ ہے اور یہ کہ برطانیہ میں مہنگائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے سب سے بہتر بات یہی ہوگی کہ یہ تنازع ختم ہو جائے۔

    سیکریٹری خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں ’انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کام کرنا بھی شامل ہو سکتا ہے تاکہ جو جہاز پھنس گئے ہیں وہ دوبارہ روانہ ہو سکیں۔‘

    اقوامٰ متحدہ کے مطابق اس وقت کم از کم دو ہزار جہاز جلیج فارس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

  9. تہران اور کرج پر نئے حملوں کی اطلاعات، دو افراد ہلاک, غنچے حبیبی آزاد، بی بی سی فارسی

    تہران اور کرج سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ان شہروں پر نئے حملے کیے گئے ہیں۔

    کرج پر دو حملوں میں پل کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ شہر ایران کے صوبہ البرز میں واقع ہے۔ البرز کے گورنر آفس میں سکیورٹی امور کے نائب نے بتایا کہ کرج میں ایک پل پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    نائب کے مطابق شہر کے پل کو نشانہ بنائے جانے کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس اہلکار کا بیان ایرانی میڈیا اداروں نے نشر کیا ہے۔

    اس کے بعد اسی پل پر دوسرے حملے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔

    مجھے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پہلے حملے کے بعد شہر کے بعض حصوں میں بجلی کی بندش ہوئی۔

    میں نے اسرائیلی فوج سے کرج میں پل پر ہونے والے دونوں حملوں کے بارے میں پوچھا، تاہم اسرائیل ڈیفنس فورسز کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس نوعیت کے کسی حملے کا علم نہیں۔‘

  10. برطانیہ میں آئندہ ہفتے فوجی منصوبہ سازوں کا اجلاس ہو گا: وزارت دفاع

    برطانیہ کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ ہفتے فوجی منصوبہ سازوں کا اجلاس برطانوی فوج کے مرکز میں ہو گا، جس میں آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

    اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر بتا چکی ہیں کہ وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے اجلاس کے بعد فوجی منصوبہ سازوں کی سطح پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

    وزارت دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں ’آبنائے ہرمز کو قابلِ رسائی اور محفوظ بنانے کے عملی طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔‘

    وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ گذشتہ رات برطانوی فضائی رجمنٹ کے گنرز نے ایک ’انتہائی خطرناک‘ علاقے میں پرواز کرنے والے متعدد ایرانی ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا۔

  11. اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا امریکہ اور اسرائیل سے جنگ روکنے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ کے خاتمے اور تمام فریقوں کی جانب سے لڑائی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا: ’ہم ایک ایسی وسیع تر جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں جو پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور جس کے دنیا بھر پر سنگین اثرات ہوں گے۔‘

    انتونیو گوتریس نے بڑھتی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پہلے ہی مہنگی ہوتی توانائی اور خوراک کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے تنازعات کو ’پر امن طریقے سے‘ حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ شہری تنصیبات کا احترام کیا جائے اور ان کی حفاظت کی جائے۔

    انھوں نے مزید کہا: ’میرا پیغام بالکل واضح ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ اس جنگ کو روکیں جو انسانوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے اور اس کے تباہ کن معاشی نتائج پہلے ہی سامنے آ چکے ہیں۔‘

    انتونیو گوتریس نے ایران سے بھی اپیل کی کہ وہ ’اپنے ہمسایہ ممالک پر حملے بند کرے۔‘

  12. جنگ میں لڑنے کے لیے 70 لاکھ ایرانیوں نے خود کو پیش کر دیا: محمد باقر قالیباف

    ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے 70 لاکھ ایرانیوں نے فوجی خدمات کے لیے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا ہے۔

    ان کے مطابق ’ایک طاقتور قومی مہم‘ کے نتیجے میں لاکھوں ایرانیوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ ’ہتھیار اٹھانے اور اپنے وطن کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

    محمد باقر قالیباف نے کہا: ’ہم یہ پہلے بھی کر چکے ہیں اور دوبارہ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ آپ ہمارے گھر پر حملہ کرو گے تو پورا خاندان آپ کا مقابلہ کرے گا۔‘

  13. حملوں کی اطلاعات کے بعد ایرانی ایئر پورٹ پر آگ کی ویڈیو, پیٹر موائے، شیان سردار زادہ

    بی بی سی ویریفائی نے ایک ویڈیو کا جائزہ لیا ہے جس میں ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد کے مرکزی ہوائی اڈے کے قریب دھوئیں کا ایک بڑا بادل اٹھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    تصدیق شدہ ویڈیو آج صبح سوشل میڈیا پر سامنے آئی اور اسے مشہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک ایک چلتی گاڑی سے فلمایا گیا۔

    بی بی سی ویریفائی نے ویڈیو میں نظر آنے والی عمارات کو سٹریٹ ویو تصاویر سے ملا کر تصدیق کی کہ ویڈیو مشہد کے قریب ایک بڑی شاہراہ سے بنائی گئی ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ہو سکتا ہے کہ ایندھن ذخیرہ کرنے کے ٹینکس اور ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ اس ہوائی اڈے پر ایرانی فضائیہ کا ایک ایئر بیس بھی موجود ہے، تاہم ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ ہدف کس کو بنایا گیا۔

  14. امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کا 34 واں روز، آج کیا کچھ ہوا؟, نبیحہ احمد، بی بی سی

    امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ، آج کی اہم پیش رفت:

    • کشیدگی میں اضافے کی نئی دھمکیاں: ایران نے آنے والے وقت میں ’تباہ کن، وسیع تر اور شدید حملوں‘ کی دھمکی دی ہے۔ اس سے چند گھنٹے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ آئندہ ہفتوں میں ایران پر ’انتہائی سخت حملے‘ کرے گا۔
    • ایران میں تازہ حملے: بی بی سی فارسی کی رپورٹر غنچے حبیبی آزاد کے مطابق تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہر میں ایک اہم پل کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔
    • آبنائے ہرمز کی صورتحال: ایران کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے اُن جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے رہا ہے جو امریکہ یا اسرائیل سے متعلق نہیں۔
    • وزرائے خارجہ کا اجلاس: اسی دوران آبنائے ہرمز کھلوانے کی سفارتی کوششوں کے تحت 40 سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس ہو رہا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی ’فوری ضرورت‘ پر زور دیا ہے۔
    • خلیجی ممالک کو نشانہ بنایا گیا: آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، دونوں ممالک نے اطلاع دی ہے کہ ان کی فضائی حدود کی طرف میزائل اور ڈرونز داغے گئے ہیں۔
  15. اصفہان میں میزائل اڈے پر حملوں کے بعد زوردار دھماکے, شایان سردار زادہ، شیری رائیڈر

    بی بی سی ویریفائی نے اصفہان کے مضافات میں واقع ایران کے ایک بڑے میزائل اڈے کے قریب ہونے والے شدید دھماکوں کی ویڈیوز کی تصدیق کر لی ہے۔

    بی بی سی ویریفائی نے سوشل میڈیا پر گذشتہ روز شیئر کیے گئے تین ویڈیو کلپس کا جائزہ لیا۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں اصفہان کے میزائل اڈے کے قریب فضا میں دھوئیں کا بڑا بادل اور آگ کے شعلے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو بنانے والا شخص دھماکے کی شدت پر حیرت کا اظہار کرتا سنائی دیتا ہے۔

    میزائلوں کا یہ اڈا وسطی ایران میں اصفہان کے جنوب میں ایک پہاڑی سلسلے کے کنارے واقع ہے۔

    اڈے کے شمالی علاقے سے بنائی گئی ایک اور ویڈیو میں پہاڑوں کے اوپر آگ لگنے کے بعد اٹھتا ہوا دھواں اور اس کے بعد ہونے والے کئی بڑے ثانوی دھماکے دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی یا اسرائیلی حملے کے بعد مزید دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔

    تیسری ویڈیو قریبی قصبے بہارستان سے ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزائل اڈے پر کئی منٹ تک آگ بھڑکتی رہی۔

    اس ویڈیو میں بھی متعدد ثانوی دھماکے نظر آتے ہیں، جن کے دوران ملبہ بار بار فضا میں اچھلتا ہے اور کچھ حصے قصبے کی سمت یا پہاڑوں میں جا گرتے ہیں۔

  16. ایران کی جانب سے آج 19 میزائل اور 26 ڈرون داغے گئے: متحدہ عرب امارات

    متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ آج ایران کی جانب سے 19 میزائل اور 26 ڈرون داغے گئے۔

    وزارت دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 457 میزائلوں اور 2038 ڈرونز کو ناکام بنایا۔

  17. یہ کوئی تماشہ نہیں ہے: ٹرمپ کے بیان پر میکخواں کا رد عمل, ہیو شوفیلڈ، نامہ نگار فرانس

    امریکی صدر ٹرمپ فرانس کے خلاف جارحانہ انداز اپنائے ہوئے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں فرانس نے مدد نہیں کی۔ وہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں پر ذاتی نوعیت کی تنقید بھی کر چکے ہیں۔

    بدھ کے روز ٹرمپ نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ فرانسیسی صدر کی اہلیہ بریجیٹ میکخواں ان سے ’انتہائی برا سلوک‘ کرتی ہیں۔

    ردِ عمل میں صدر میکخواں نے اس تبصرے کو غیر شائستہ اور نا موزوں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جواب دینے کے بھی قابل نہیں۔

    تاہم سٹریٹیجک امور پر بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مسلسل متضاد پیغامات دے رہی ہے۔

    صدر میکخواں کا کہنا تھا: ’بہت زیادہ باتیں ہو رہی ہیں لیکن ہمیں استحکام، سکون اور امن کی طرف واپسی کی ضرورت ہے۔ یہ کوئی تماشہ نہیں ہے۔‘

    انھوں نے کہا: ’اگر آپ سنجیدہ ہونا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک روز آپ کوئی بات کریں اور اگلے روز اس کے الٹ بات کریں۔‘

  18. برطانوی وزیر خارجہ کا آبنائے ہرمز ’فوری طور پر‘ کھولنے پر زور، ایران کی ’غیر ذمہ داری‘ کی مذمت

    برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا ہے کہ عالمی جہاز رانی کے لیے آبنائے ہرمز ’فوری طور پر‘ کھولنے کی اشد ضرورت ہے۔

    انھوں نے یہ بات ایک آن لائن اجلاس میں کہی جس میں 40 سے زیادہ ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔ یہ ورچوئل اجلاس آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے سفارتی کوششوں کے تحت منعقد کیا گیا ہے۔

    ایویٹ کوپر نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 25 جہاز آبنائے ہرمز سے گزر پائے، جبکہ معمول کے دنوں میں اس راستے سے تقریباً 150 بحری جہاز گزرتے ہیں۔

    ایران کی جانب سے اس اہم سمندری راستے کی مؤثر ناکہ بندی نے بین الاقوامی تجارت کو شدید متاثر کیا ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث دو ہزار کے قریب جہاز پھنسے ہوئے ہیں، جن پر عملے کے لگ بھگ 20 ہزار افراد سوار ہیں۔

    اجلاس سے خطاب میں برطانوی وزیرِ خارجہ نے ایران کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ’عالمی معاشی سلامتی کو نقصان‘ پہنچ رہا ہے۔

  19. آبنائے ہرمز کیسے کھلوائی جائے؟ اس سوال کا جواب آسان نہیں, فرینک گارڈنر، نامہ نگار برائے سکیورٹی امور

    سفارت کاری کے ذریعے آبنائے ہرمز کو معمول کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے دوبارہ کیسے کھولا جائے؟

    یہی وہ بنیادی سوال ہے جس پر آج غیر ملکی وزرائے خارجہ کے ایک آن لائن اجلاس میں غور کیا جا رہا ہے۔ اس اجلاس کی میزبانی برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر کر رہی ہیں۔

    تاہم اس سوال کا کوئی آسان جواب موجود نہیں۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ نے ایک عجیب صورتحال پیدا کر دی ہے۔ سودے بازی کے لیے ایرانی حکومت جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط پوزیشن میں آ چکی ہے۔ اس اہم آبی گزر گاہ سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے کر ایران عملاً عالمی معیشت کو یرغمال بنا سکتا ہے۔

    آبنائے ہرمز کے دونوں جانب سینکڑوں تجارتی جہاز پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث تیل، گیس اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    صدر ٹرمپ کبھی ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کا الٹی میٹم دیتے نظر آتے ہیں اور کبھی یہ اشارہ دیتے ہیں کہ وہ اس مسئلے سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔

    اب ان کا کہنا ہے کہ جن ممالک کو خلیجی خطے سے آنے والی مصنوعات درکار ہیں، وہ اس مسئلے سے خود نمٹیں۔

  20. ایرانی شہر کرج پر ’شدید حملوں‘ کی اطلاعات, غنچے حبیبی آزاد، بی بی سی فارسی

    دو مختلف ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ تہران کے مغرب میں واقع ایرانی شہر کرج کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    تہران میں موجود ایک ذریعے نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کے اوپر سے گزرتے جنگی طیاروں کی آوازیں سن سکتے تھے۔ ایران کے میڈیا اداروں نے بھی کرج پر حملوں کی اطلاعات دی ہیں۔