یروشلم میں دو افراد کو مارنے والا فلسطینی حملہ آور ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیلی پولیس کے مطابق ایک فلسطینی حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے جس نے یروشلم میں دو افراد کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔
چاقو سے مسلح فلسطینی شخص نے قدیم علاقے کے لائن گیٹ کے قریب چار افراد پر حملہ کیا جس میں دو ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی پولیس نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے پہلے اپنے اہلخانہ کے ساتھ موجود ایک شخص پر حملہ کر کے اس سے پستول چھینا اور پھر پستول سے ایک خاتون اور سیاحوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کر دی۔
اس واقعے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کے علاوہ ایک 20 سالہ خاتون اور ایک دو سالہ بچہ زخمی ہو گیا ہے اور انھیں ہپستال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملہ آور کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دو دن پہلے ہی غرب اردن میں ایک اسرائیلی جوڑے کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یہ جوڑا اپنے چار بچوں کے ساتھ گاڑی میں جا رہا تھا کہ اسے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے جھڑپوں کے نتیجے میں اسرائیل اور فلسطین کی تعلقات میں مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
فلسطین کے صدر محمود عباس گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل یروشلیم میں آگ بھڑکانے کا خطرہ مول لے رہا ہے۔
انھوں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ یورشلیم اور غرب اردن میں بے رحمی سے طاقت کا استعمال کر رہا ہے۔





















