ترکی: خود کش حملے میں دو فوجی ہلاک، 31 زخمی

یہ حملہ اگری صوبے میں دوگوبایزید شہر کے پاس ہوا جو ایران سے ملحق ترکی سرحد کے قریب واقع ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنیہ حملہ اگری صوبے میں دوگوبایزید شہر کے پاس ہوا جو ایران سے ملحق ترکی سرحد کے قریب واقع ہے

ترکی کے علاقائی گورنر کے دفتر کا کہنا ہے کہ کرد تنظیم ’پی کے کے‘ کے شدت پسندوں کے ایک خودکش حملے میں دو ترکی فوجی ہلاک جبکہ 31 زخمی ہو گئے ہیں۔

ترکی کے میڈیا کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرے ایک ٹریکٹر کو فوجی پولیس سٹیشن میں دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

یہ حملہ اگری صوبے میں دوگوبایزید شہر کے پاس ہوا جو ایران سے ملحق ترکی سرحد کے قریب واقع ہے۔

خیال رہے کہ ترکی نے 24 جولائی کے بعد سے عراق اور ترکی کی سرحد کے دونوں جانب کرد تنظیم پی کے کے کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔

ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے ہوا۔

ایجنسی کے مطابق خود کش بمبار نے ٹریکٹر پر موجود دو ٹن وزنی دھماکہ خیز مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔

24 جولائی کے بعد سے ترکی نے عراق اور ترکی سرحد کے دونوں جانب ’پی کے کے‘ کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن24 جولائی کے بعد سے ترکی نے عراق اور ترکی سرحد کے دونوں جانب ’پی کے کے‘ کے خلاف سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں

ترکی کے میڈیا میں شائع ہونے والی تصاویر میں ایک عمارت کو بری طرح متاثر دکھایا گیا ہے جس کی چھت تباہ ہو چکی ہے۔

علاقائی گورنر کے دفتر نے یہ نہیں بتایا کہ آخر اس حملے کے پیچھے ’پی کے کے‘ کے ملوث ہونے کی نشاندہی کیسے کی گئی جبکہ پی کے کے نے اس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ترکی کا کہنا ہے کہ یہ تنظیم گذشتہ ہفتے کے دوران کئی حملوں میں شامل تھی۔

جمعے کو ایک پولیس سٹیشن اور ایک ریلوے لائن پر ہونے والے حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 24 جولائی سے ہونے والے حملے میں اب تک 260 کرد جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔