تربوز خریدتے ہوئے گر کر زخمی ہونے والے شخص کے لیے 75 لاکھ ڈالر کا معاوضہ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنوالمارٹ کا کہنا ہے کہ وہ عدالت کے اس فیصلہ کے خلاف اپیل کریں گے

امریکہ میں ایک عدالت نے والمارٹ میں خریداری کے دوران زخمی ہونے والے شخص کو 75 لاکھ ڈالر معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہینری والکر نامی 59 سالہ شخص والمارٹ میں تربوز لینے کے لیے آگے بڑھا تو اس کا پاؤں تربوزوں کے نیچے رکھے لکڑی کے فریم میں پھنس گیا جس کی وجے سے وہ گر پڑا۔ گرنے سے اس کے ایک پیر اور ایک کوہلے میں فریکچر ہو گیا۔

مزید دلچسپ خبریں پڑھیے

،ویڈیو کیپشنسنگاپور ایک شہر نما چھوٹا سا ملک ہےاور وہ اپنی ضرورت کی نوے فیصد سبزیاں پھل درآمد کرتا ہے

امریکی ریاست ایلابیما کے شہر فیِنکس سٹی میں ایک جیوری نے والکر کے حق میں جج کو اپنا فیصلہ دیا۔ اس کے مطابق والکر کو 25 لاکھ ڈالر معاوضے میں ملیں گے اور 50 لاکھ ڈالر تادیبی نقصانات یعنی ’پیونیٹیو ڈیمیجِز‘ کی مد میں۔

تاہم والمارٹ کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلہ کے خلاف اپیل کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اُن کے سپر سٹور کے اس پھل کی نمائش میں کوئی غیر محفوظ عنصر نہیں تھا بلکہ یہ حادثہ گاہک کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ پورے ملک میں ان کے تمام سپر سٹور میں موجود ہے۔

والمارٹ کے مطابق انہوں نے تربوزوں کی اس نمائش میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

لیکن ہینری والکر کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ مناسب ہے کیونکہ والمارٹ نے بالکل حفاظی اقدامات کی پرواہ نہیں کی اور ان کو اس لکڑی کے فریم کو کسی چیز سے ڈھک دینا چاہیے تھا۔

مقمدے کے دوران جیوری کو بتایا گیا کہ فوج کے ریٹائرڈ سارجنٹ ہینری والکر حادثے سے پہلے آرام سے چلتے پھرتے تھے اور ہفتے میں تین مرتبہ باسکٹ بال کھیلتے تھے لیکن حادثے کے بعد سے ان کو واکر کا سہارہ لے کر چلنا پڑتا ہے۔