سٹین واورینکا نے پہلی مرتبہ فرینچ اوپن ٹائٹل جیت لیا

یہ واورینکا کا پہلا فرنچ اوپن اور دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیہ واورینکا کا پہلا فرنچ اوپن اور دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے

فرانس کے شہر پیرس میں کھیلے گئے فرینچ اوپن کے فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے واورینکا نے سربیا کے نوواک جوکووچ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ فرینچ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔

اتوار کو کھیلےگئے اس فائنل میں 30 سالہ واورینکا نے بہترین کھیل کا مظاہر کرتے ہوئے 4-6 6-4 6-3 6- 4 سے کامیابی حاصل کی۔

اس شکست کے ساتھ ہی نوواک جوکووچ کا چاتھی بار گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔

پیرس کے رولینڈ گیروس میں کھیلے گئے اس میچ میں سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ کو پہلا سیٹ جتنے کے بعد مسلسل تین سیٹس میں شکست ہوئی۔

یہ واورینکا کا پہلا فرنچ اوپن اور دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی نواک جوکووچ کی مسلسل 28 میچوں میں کامیابیوں کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد واورینکا کا کہنا تھا کہ’کورٹ میں ماحول بہت زبردست تھا اور میں اس سے پہلے کبھی اتنا جذباتی نہیں ہوا تھا۔‘

اس شکست کے ساتھ ہی نوواک جوکووچ کا تمام چار گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناس شکست کے ساتھ ہی نوواک جوکووچ کا تمام چار گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا

واورینکا کا مزید کہنا تھا کہ’میں اپنے کوچ میگنس نورمن کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے دو بار فائنل کھیلا لیکن جیت نہیں پائے۔ اس لیے یہ جیت جتنی میری ہے اتنی ہی آپ کی بھی ہے۔‘

اس جیت کے ساتھ ہی واورینکا راجر فیڈرر کے بعد دوسرے سوئس کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے رولینڈ گیروس میں کامیابی حاصل کی ہے۔ راجر فیڈرر کو فرنچ اوپن کے کورٹر فائنل میں واورینکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

28 سالہ نوواک جوکووچ کو نو مرتبہ کے چیمپین رافیل ندال اور عالمی نمبر تین اینڈی مرے کو شکست دینے کے بعد اس ٹائٹل کو جیتنے کے لیے مظبوط ترین کھلاڑی سمجھا جا رہا تھا لیکن فائنل میں انھیں واورینکا نے لاجواب کر دیا۔

ان دودنوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ چار گرینڈ سلیم میچوں میں ہر میچ پانچ سیٹس تک کھیلا گیا تھا لیکن معیار کے لحاظ سے اس میچ میں بہترین کھیل دیکھنے کا موقع ملا۔