بلوچستان: تشدد کے واقعات میں دو افراد ہلاک، چھ زخمی

،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آواران میں تشدد کے دو مختلف واقعات میں کم از کم ایک بچی سمیت دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ میں فائرنگ کا واقعہ جمعے کی شب ایک دکان پر پیش آیا۔
سٹی پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مسجد روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
پولیس اہلکار کے مطابق جس دکان پر فائرنگ کی گئی وہ پلاسٹ کی تھیلیاں فروخت کرنے والی دکان تھی لیکن اس وقت اس پر پرچم بھی فروخت کیے جارہے تھے۔
ادھر ضلع آواران میں لیویز فورس کے ایک اہلکار کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔
آواران میں انتطامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ حملہ ضلع کے علاقے جھاؤ میں کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں ایک بچی ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے۔
کوئٹہ اور آواران میں ہونے والے ان حملوں کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آواران کے علاقے مشکے میں گذشتہ روز فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دو روز قبل بھی اسی ضلع کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات محکمہ تعلیم کا ایک افسر اور ایک ریٹائرڈ ٹیچر ہلاک ہوئے تھے۔





















