باچاخان ایئر پورٹ پر پولیو کاؤنٹر ختم ہونے سے مسافر پریشان

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے باچا خان ایئر پورٹ سے بیرونی ممالک جانے والے مسافروں کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا کاؤنٹر نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ درجنوں مسافروں کو بیرونی ممالک جانے سے روکا جا رہا ہے۔

پاکستان میں پولیو سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بتدریج اضافے کے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی سفارش پر گذشتہ سال پاکستان سے باہر سفر کرنے والے مسافروں پر پولیو کے قطرے پینے کو لازم کیا گیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے کاؤنٹر بھی قائم کیے گئے تھے۔

باچا خان ایئر پورٹ کے ڈیپارچر لاونچ میں بھی محکمۂ صحت کی جانب سے ایک ایسا ہی کاؤنٹر بنایا گیا تھا جہاں مسافروں کو موقع پر پولیو کے قطرے پلانے کے بعد ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا تھا جس پر مسافر بیرونی ممالک کا سفر کرسکتے تھے۔

تاہم گذشتہ کچھ عرصہ سے یہ کاؤنٹر نامعلوم وجوہات کی بناء پر ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد باہر کے ممالک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

باچا خان ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب امیگریشن حکام کی جانب سے مسافروں کو پولیو کا سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں سے آف لوڈ نہ کیا جاتا ہو۔

باچا خان ایئر پورٹ میں وفاقی حکومت کے تحت چلنے والی محکمۂ صحت کے ادارے ایئرپورٹ ہیلتھ اسٹبلشمینٹ کے سربراہ ڈاکٹر کشمالہ اورکزئی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک سال پہلے ہوائی اڈے کے بین لاقوامی ڈیپارچر لاونچ میں پولیو کا ایک کاؤنٹر بنایا گیا تھا تاہم امیگریشن حکام کی جانب سے یہ کاؤنٹر نامعلوم وجوہات کی بنا اب ختم کردیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امیگریشن حکام پولیو کے قطرے پلانے والے کارکنوں کو اکثر اوقات تنگ کیا کرتے تھے جس کی وجہ سے مجبوراً کاؤنٹر ختم کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے متعدد مرتبہ اعلی حکام کو تحریری طورپر آگاہ بھی کیا ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

پشاور صدر کے ایک رہائشی احسان اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہا کہ چند دن پہلے انھیں بھی 20 افراد سمیت امیگریشن حکام نے مختلف حیلوں بہانوں سے بیرونی ممالک جانے سے روکا حالانکہ ان کے پاس ویزا اور دیگر تمام قانونی دستاویزات موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پولیو کے کاؤنٹر پہلے سے موجود ہیں لیکن باچا خان واحد ایئر پورٹ جہاں یہ کاؤنٹر بغیر کسی وجہ کے ختم کردیا گیا ہے۔

محکمۂ صحت پشاور کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی بتایا کہ وفاقی تحققاتی ادارے ایف آئی اے کے بعض اہل کار پولیو کے قطرے پلانے والے کارکنوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں آزادانہ طورپر کام کرنے سے روکتے رہے ہیں جس کی وجہ سے مجبوراً پولیو کاؤنٹر بند کردیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ شکایت اعلیٰ حکام کی نوٹس میں بھی لائی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔