بلوچستان: ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کا اغوا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ایران سے متصل پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلح کیچ کے ڈپٹی کمشنر اور ایک اسسٹنٹ کمشنر سمیت لیویز فورس کے متعدد اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
لیویز فورس کیچ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ عبدالحمید ابڑو ایرانی حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کے لیے سرحدی علاقے میں گئے تھے: ’اجلاس میں شرکت کے بعد وہ اسسٹنٹ کمشنر تمپ کے ہمراہ واپس لوٹ رہے تھے کہ اجیان کے علاقے میں نامعلوم افراد نے لیویز اہلکاروں کے ہمراہ انھیں اغوا کر لیا۔‘
لیویز اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ قافلہ چار گاڑیوں پر مشتمل تھا اور ان میں سوار تمام افراد کو جن کی تعداد معلوم نہیں، اغوا کار نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ موجود ان تمام افراد کو رات سات سے آٹھ بجے کے درمیان اغوا کیا گیا۔
صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے اعلیٰ افسران کے اغوا کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ان کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع کیچ بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں شامل ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے۔

















