ایران کا دبئی میں یوکرینی ایٹی ڈرون سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ: ’یہ بالکل جھوٹ ہے،‘ کئیو کی تردید

ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی میں ’یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹمز‘ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا ہے۔

خلاصہ

  • ایران پر حملے ٹرمپ کی سفارت کاری کے لیے دی گئی مہلت کے منافی ہیں: عراقچی
  • جی سیون کا عام شہریوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کی بحالی کا مطالبہ
  • یمن کے حوثی باغیوں کی بھی جنگ میں شامل ہونے کی دھمکی
  • امریکہ اور ایران کے نمائندے 'بہت جلد' پاکستان میں ملاقات کر رہے ہیں: جرمن وزیرِ خارجہ
  • اقوامِ متحدہ کا ایران میں بچیوں کے سکول پر حملے کی شفاف تحقیقات جلد مکمل کرنے اور نتائج عام کرنے کا مطالبہ
  • اسرائیل کا ایران کی سمندری بارودی سرنگیں بنانے کی فیکٹری تباہ کرنے کا دعویٰ
  • امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 'ایرانی حکومت کی درخواست پر' ایران میں انرجی پلانٹس پر حملے مزید 10 دن تک مؤخر کر رہے ہیں

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    29 مارچ کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں

  2. امریکہ اور اسرائیلی حملوں میں ایران کی آبی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا ہے: خبر رساں ادارے فارس کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایران میں ایک بڑی آبی تنصیب کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

    فارس نے صوبہ خوزستان کے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب کے حوالے سے بتایا کہ مغربی ایران کے شہر ہفتکل میں ’10000 مکعب میٹر‘ کے پانی کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب سے منسلک خبر رساں ادارے فارس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور یہ بھی کہا کہ ہفتکل میں پانی کے ذخیرے اور ان پر لگے سسٹم بھی کام کر رہے ہیں۔

  3. مصر اور ترکی کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں: دفترِ خارجہ کی تصدیق

    @ForeignOfficePk

    ،تصویر کا ذریعہ@ForeignOfficePk

    ،تصویر کا کیپشنترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان

    پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری دو مختلف بیانات میں مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان کی اسلام آباد آمد کے حوالے سے خبر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے سنیچر کے روز تصدیق کی تھی کہ ترکی، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کہا گیا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اسلام آباد آئیں گے۔

    بیان کے مطابق یہ وزارئے خارجہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت دیگر اُمور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ وزرائے خارجہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

    @ForeignOfficePk

    ،تصویر کا ذریعہ@ForeignOfficePk

    ،تصویر کا کیپشنمصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی
  4. بریکنگ, ایران کی 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت خوش آئند اور قابل ستائش قدم: اسحاق ڈار

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وفاقی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق ایرانی حکومت نے پاکستانی پرچم کے تحت چلنے والے مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

    سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ایکس پر جاری بیان میں پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں آپ سب تک ایک اچھی خبر پہنچا رہا ہوں اور وہ یہ کہ ’ایران کی حکومت نے پاکستانی پرچم کے تحت مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے، اس اجازت کے بعد دو بحری جہاز روزانہ کی بنیاد پر آبنائے ہرمز عبور کریں گے۔‘

    اسحاق ڈار کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایران کی جانب سے ایک خوش آئند اور قابل ستائش قدم ہے اور اس کی قدر کی جانی چاہیے۔ یہ امن کی علامت ہے اور خطے میں استحکام لانے میں مدد دے گا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ مثبت اعلان امن کی جانب ایک بامعنی قدم ہے اور اس سمت میں ہماری مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنائے گا۔‘

    اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان کے آخر پر کہا کہ ’مذاکرات، سفارت کاری اور اس طرح کے اعتماد سازی کے اقدامات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔‘

  5. اسرائیلی فوج کا ہفتے کے آخر میں ایران اور لبنان میں 250 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی فوج نے ایک حالیہ بیان میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے اس ہفتے کے آخری دو دنوں میں ایران اور حزب اللہ کے 250 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے ہیں۔

    ایک تازہ بیان میں آئی ڈی ایف نے کہا کہ انھوں نے لبنان اور ایران میں ’وسیع پیمانے پر حملے‘ کیے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق انھوں نے ایران میں 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ’بیلسٹک میزائل بنانے والی اہم تنصیبات، لانچ کے لیے تیار میزائل‘ اور ’میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات‘ کو نشانہ بنایا۔

    جبکہ لبنان میں آئی ڈی ایف نے ’حزب اللہ کے 170 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا۔‘

    فوج نے مزید کہا کہ ’چار آئی ڈی ایف ڈویژنز جنوبی لبنان میں سرگرم ہیں تاکہ زمینی کارروائی کو مزید گہرای میں جا کر کیا جا سکے اور دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔‘

  6. حوثی جنگجوؤں کی جانب سے اسرائیل پر دوسرا میزائل داغا گیا ہے: سی این این اور ٹائمز آف اسرائیل کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خبر رساں اداروں سی این این اور ٹائمز آف اسرائیل دونوں کے مطابق یمن میں حوثی جنگوؤں نے اسرائیل کی جانب دوسرا میزائل داغا ہے۔

    ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے اسرائیل کی طرف ایک کروز میزائل داغا جسے مار گرایا گیا، رپورٹس کے مطابق یہ اس کے چند گھنٹوں بعد ہوا جب اس نے ایک بیلسٹک میزائل اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    تاہم اسرائیلی میڈیا چینل 12 اور ٹائمز آف اسرائیل نے جنوبی اسرائیل کے شہر ایلات پر ڈرون حملے کی بھی اطلاع دی ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ یمن کی جانب سے مُلک کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔

    اس سے قبل، حوثیوں نے کہا تھا کہ انھوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران، لبنان، عراق اور فلسطینی علاقوں کو نشانہ بنانے کے جواب میں ’اہم اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے‘ بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ کی ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے یمن سے آنے والے ایک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا تھا۔

  7. اسرائیلی دفاعی افواج کا ایرانی بحریہ کی اہم تنصیبات پر حملے کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اُن کا کہنا ہے کہ انھوں نے تہران میں ایرانی حکومت کی میرین انڈسٹریز آرگنائزیشن کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اپنے اس بیان میں دعویث کیا ہے کہ ’یہ ہیڈکوارٹر بحری ہتھیاروں کی وسیع رینج کی تحقیق، ترقی اور پیداوار کا مرکز کا کردار ادا کر رہا تھا۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ایم آئی او کے ہیڈکوارٹر کو رات کے وقت تہران بھر اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے حملوں کی ایک نئی لہر کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

  8. ضلع بنوں میں پولیس موبائل پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے: پولیس, بلال احمد، بی بی سی پشاور

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں میں پولیس موبائل پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

    بنوں پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ہوید پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ زرگر ممہ خیل میں گھات لگا کر موبائل پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دلنواز پولیس اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے عسکریت پسندوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو نذرآتش بھی کیا۔

    ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈی آئی جی کے مطابق عسکریت ہسندوں کے قبضے سے دو موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    سجاد خان نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کا ہر صورت پیچھا کیا جائیگا اور کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں دی جائیگی۔ انھوں نے واضح کیا کہ بزدلانہ ہتھکنڈوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔

    وزیر اعلی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رہورٹ طلب کرلی ہے۔ انھوں نے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی اور کہا کہ مُلک کے لیے جان دینے والے پولیس اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

  9. لبنان میں اسرائیلی حملے میں تین صحافی ہلاک

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    لبنان کے جنوب میں ایک اسرائیلی حملے میں تین لبنانی صحافیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ان تینوں ہلاکت کی اطلاعت ہیں۔

    علی شعیب، جو حزب اللہ کے زیرِ انتظام ٹی وی نیٹ ورک المنار کے رپورٹر تھے اور المیادین کے رپورٹرز فاطمہ اور محمد فطونی جزین کے قصبے میں فضائی حملے میں مارے گئے۔

    لبنانی صدر جوزف عون نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ’سنگین جرم‘ قرار دیا جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت جنگ کے دوران صحافیوں کو تحفظ دیا جانا چاہیے۔

    اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے ایک حملے میں علی شعیب کو ہلاک کیا، لیکن ان کا الزام ہے کہ وہ ایک صحافی کے روپ میں حزب اللہ کے کارندے تھے۔

    یہ دوسری بار ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد لبنان میں اسرائیل پر صحافیوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے المنار ٹی وی کے ایک معروف میزبان محمد شری اور ان کی اہلیہ ایک حملے میں مارے گئے تھے۔

    اب تک لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 1100 سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 120 بچے اور 42 طبی امداد دینے والے افراد شامل ہیں۔

    لبنان میں بہت سے لوگ تشویش کا اظہار کر رہے ہیں کہ اسرائیل وہی حکمتِ عملی اپنا رہا ہے جس کا اسے غزہ میں استعمال کرنے کا الزام دیا جاتا رہا ہے، جس میں جان بوجھ کر شہریوں، صحافیوں اور طبی عملے کو نشانہ بنانا شامل ہے، جس کی اسرائیل تردید کرتا ہے۔

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  10. مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث پاکستان کی مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلا, تنویر ملک، صحافی

    مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث بڑھتے ہوئے جغرافیائی خطرات کے پیش نظر رواں ماہ پاکستان کے بانڈز اور سٹاک مارکیٹ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے انخلاء میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 19 مارچ تک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے ٹریژری بلز (ٹی بلز) سے خالص طور پر 17 کروڑ 79 لاکھ ڈالر نکالے، جب کہ فروری میں یہ رقم 3 کروڑ 12 لاکھ ڈالر تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک سرمایہ کاروں نے ٹی بلز میں 19.257 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی، تاہم 197 ملین ڈالر نکال لیے۔ اس کے علاوہ انھوں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں 21 ملین ڈالر اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اپنے پورٹ فولیو سے 148.7 ملین ڈالر فروخت کیے۔ سٹاک مارکیٹ میں 7.4 ملین ڈالر کی آمد ہوئی، جب کہ اخراج 156.1 ملین ڈالر رہا۔ مجموعی طور پر بانڈز اور سٹاکس میں 27.7 ملین ڈالر کی آمد کے مقابلے میں 375.8 ملین ڈالر کا انخلا ہوا۔ اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر ٹی بلز، پی آئی بیز اور سٹاکس میں 348 ملین ڈالر کی فروخت کی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی مالیاتی منڈیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا انخلا عالمی سطح پر بڑھتے خدشات اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعہ کی وجہ سے ہوئی۔

    جے ایس گلوبل میں مالیاتی امور کے ماہر وقاص غنی نے جنگ کے مالیاتی اور کیپٹل مارکیٹس پر اثرات پر بات کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا اگرچہ تنازع کے حل میں چند دن لگ سکتے ہیں، تاہم ٹی بلز میں غیر ملکی سرمایہ کاری پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر بھی متاثر ہو سکتی ہیں، جس سے روپے پر دباؤ بڑھے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں فروری کے مہینے میں سب سے زیادہ ترسیلات زر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے پاکستان میں موصول ہوئیں ۔

  11. روس ایران کو امریکی اور برطانوی فوجی اڈوں کے متعلق انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا ہے، یوکرینی صدر کا الزام

    زیلنسکی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ ڈیاگو گارشیا میں امریکہ-برطانیہ کے مشترکہ اڈے اور خلیج میں واقع امریکہ اور برطانیہ کے فوجی اڈوں پر حملہ کرنے میں ایران کو مدد فراہم کر رہا ہے۔

    صحافیوں سے بات کرتے ہوئے زیلنسکی نے اپنے فون سے ایک رپورٹ پڑھ کر سنائی جو ان کے بقول ایک انٹیلی جنس رپورٹ تھی۔

    اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روسی سیٹلائٹ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں، ڈیاگو گارشیا بیس اور خلیج میں تیل کے کنوؤں کی جاسوسی کر رہے تھے۔

    زیلنسکی نے کہا کہ یہ انٹیلی جنس ایران کو حملوں میں مدد کے لیے دی گئی تھی۔

  12. لبنان کے قصبے جزین میں اسرائیلی فضائی حملے میں تین صحافی ہلاک

    لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی لبنان میں میڈیا کی ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں تین لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔

    مارے جانے والوں میں علی شعیب، فاطمہ اور محمد فتونی شامل ہیں۔

    علی شعیب عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے زیر انتظام نیٹ ورک المنار ٹی وی کے رپورٹر تھے جبکہ فاطمہ اور محمد فتونی المیادین کے نامہ نگار تھے۔ یہ تینوں جنوبی لبنان کے قصبے جزین میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

    لبنان کے صدر جوزف عون نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرم اس بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت جنگ کے دوران صحافیوں کو تحفظ فراہم حاصل ہوتا ہے۔

    اسرائیل کی فوج نے علی شعیب کو ہلاک کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج کا الزام ہے کہ وہ صحافی کے بھیس میں حزب اللہ کے کارکن تھے۔

    جنگ شروع ہونے کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب اسرائیل پر لبنان میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے المنار ٹی وی کے میزبان محمد شیری اور ان کی اہلیہ کو ایک ٹارگٹڈ اسٹرائیک میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

  13. ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے دفاع، یوکرین کے سعودی عرب اور قطر سے معاہدے

    یوکرینی صدر اور مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنیوکرینی صدر اور مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ الگ الگ دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

    سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت یوکرین سعودی عرب کے ساتھ ڈرون سے دفاع کی اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی شیئر کرے گا۔

    یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کی جانب سے اسی طرز کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا ہے جس کا یوکرین کو روس کی جانب سے گذشتہ چار سال سے زائد عرصے سے سامنے ہے۔

    یوکرین کی متعدد ڈرون کمپنیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ خلیجی ریاستوں نے ان سے مدد کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنی مہارت اور نظام کا اشتراک کرنے اور جانوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

    بعد ازاں زیلنسکی قطر پہنچنے جہاں انھوں نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

    اس معاہدے کے تحت دونوں ملک میزائل اور ڈرون خطرات سے نمٹنے میں مہارت کا اشتراک کر سکیں گے۔

    قطر کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے خطے کی سکیورٹی اور ان شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جن میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون ہو سکتا ہے۔

    یہ معاہدہ ٹیکنالوجی کے اشتراک کے ساتھ ساتھ دفاعی سرمایہ کاری میں تعاون کو ممکن بنائے گا۔

    قطر

    ،تصویر کا ذریعہReuters

  14. ترکی مشرق وسطیٰ کی جنگ کے حل کے لیے ’تعمیری کردار‘ ادا کرنے کے لیے تیار ہے، ایرانی وزارتِ خارجہ

    ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ کی جنگ کے حل کے لیے ’تعمیری کردار‘ ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے انقرہ کی جانب سے اب تک جنگ کے خاتمے کے لی کی جانے والی کوششوں پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

    ترکی ان ممالک میں شامل ہے جو اس تنازع کے سفارتی حل کے لی کوششیں کر رہے ہیں۔

  15. ایران کا عمان کی بندرگاہ کے قریب امریکی کشتی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عمان کی بندرگاہ کے قریب امریکی کشتی کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک امریکی لاجسٹک کشتی کو سلالہ کی بندرگاہ سے ’کافی فاصلے‘ پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمان کے جنوب میں ایک بندرگاہ پر دو ڈرونز سے حملہ ہوا ہے۔ اس حملے کے نتیجے ایک غیر ملکی مزدور زخمی ہوا ہے۔

  16. ایران کا دبئی میں یوکرینی ایٹی ڈرون سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ: ’یہ بالکل جھوٹ ہے،‘ کئیو کی تردید

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

    ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی میں ’یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹمز‘ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس اور نیول فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن میں امریکی فوج کی مدد کے لیے دبئی میں یوکرینی اینٹی ڈرون سسٹمز کے ایک گودام کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    کرنل ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ اس گودام میں 21 یوکرینی اہلکار بھی موجود تھے لیکن ان کے معتلق اطلاع نہیں کہ آیا انھیں اس حملے میں نقصان پہنچا ہے۔

    یوکرین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہیورہی تیکھی نے ایرانی دعوؤں کی تردید کی ہے۔

    صحافیوں کو بھیجے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ’یہ جھوٹ ہے۔ ہم سرکاری طور پر اس رپورٹ کی تردید کرتے ہیں۔ ایرانی حکومت اکثر اس طرح کی غلط معلومات پھیلاتی ہی، اور اس معاملے میں یہ روسیوں سے مختلف نہیں۔‘

  17. متحدہ عرب امارات کا 20 بیلسٹک میزائل اور 37 ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے 20 بیلسٹک میزائلوں اور 37 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

    وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 398 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1,872 ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں مسلح افواج کے دو ارکان کے ساتھ ساتھ فوج میں کانٹریکٹ پر شامل ایک مراکشی شہری بھی شامل ہے۔

    اس سے قبل بی بی سی نے خبر دی تھی متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک میزائل کا ملبہ گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  18. ایرانی صدر کا خطے کے ممالک کو پیغام: ’سکیورٹی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو جنگ کے لیے اپنی سرزمین نہ دیں‘

    مسعود

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان خطے کے ممالک کے نام جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ ترقی اور سکیورٹی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو جنگ کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں۔

    ایکس پر پیغام میں ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ ہم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کبھی پیشگی حملے نہیں کرتا، ’لیکن اگر ہمارے بنیادی ڈھانچے یا اقتصادی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔‘

    گذشتہ روز امریکہ اور اسرائیل نے اصفہان اور خوزستان میں مبارکہ سٹیل انڈسٹریز کے ساتھ ساتھ اردکان یلو کیک پروڈکشن پلانٹ اور صوبہ مرکزی میں خندب میں ہیوی واٹر فیسیلٹی سمیت کئی اہم ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنیا تھا۔ دوسری جانب ایران نے کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سعودی عرب کے شہزادہ سلطان ایئر بیس پر حملے کیے ہیں جن میں متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

  19. پاکستانی وزیرِ اعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ: امید ہے اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی راہ نکلے گی، شہباز شریف

    شہباز، مسعود

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

    وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ ہوا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، بالخصوص گذشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

    انھوں نے ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں کے متعلق سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

    وزیرِ اعظم نے پاکستان کے امن اقدام کی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔

    ایرانی صدر نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کیا۔

    انھوں نے مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

    وزیراعظم نے ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

  20. سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو پاکستان آئیں گے: وزارتِ خارجہ

    پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکی، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ 29 اور 30 مارچ کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اسلام آباد آئیں گے۔

    بیان کے مطابق یہ وزارئے خارجہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سمیت دیگر اُمور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ وزرائے خارجہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔