آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاسدران انقلاب کا اسرائیل کے تین کروز میزائل، 10 ڈرونز اور درجنوں یو اے ویز تباہ کرنے کا دعویٰ، تہران کا آئل ڈپو اور اسرائیل میں حیفا ریفائنری حملوں کا نشانہ بنے

ایران کی پاسدران انقلاب فورس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران کے حملوں میں بھی شدت آئے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’مستقبل قریب میں آپ اسرائیلی طیارے، اسرائیلی ایئر فورس، ہمارے پائلٹوں کو تہران کی فضا میں دیکھیں گے۔‘

خلاصہ

  • اسرائیل ایران میں ہر 'سائٹ' اور 'ہدف' کو نشانہ بنائے گا: نتن یاہو
  • 'پاکستان ایران اور برادر عوام کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے': شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو
  • اسرائیل کا دفاع کیا تو پھر خطے میں فوجی اڈوں کا نشانہ بنائیں گے: ایران کی برطانیہ، فرانس اور امریکہ کو تنبیہ
  • ایران اور اسرائیل کے درمیان سنیچر کی صبح فضائی حملوں کا تبادلہ ہوا جس دوران تل ابیب اور یروشلم میں ایئر ریڈ سائرن بجنے اور تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں
  • ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں، اسرائیلی حکام نے تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے
  • ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گذشتہ روز کے اسرائیلی حملوں کے جواب میں دشمن کو ’کاری ضربیں‘ لگانے کا اعلان کیا ہے
  • ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایران نے اسرائیل کے حملوں کے بعد جوابی کارروائی کو آپریشن ’وعدہِ صادق 3‘ کا نام دیا ہے
  • ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں ایک خاتون ہلاک اور چالیس افراد زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے
  • ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 ایرانی شہری ہلاک ہوئے جن میں اعلیٰ فوجی افسران بھی شامل ہیں جبکہ 320 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی اسرائیلی حملے میں مارے گئے: ایرانی سرکاری میڈیا

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ جوہری توانائی کی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی بھی اس حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پاسداران انقلاب اسلامی کا قیام 1979 میں ایرانی انقلاب کے بعد نئے اسلامی نظام کے دفاع کے لیے عمل میں آیا تھا۔

    پاسداران انقلاب اسلامی کی اپنی زمینی، بحری اور فضائی افواج ہیں جن میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 90 ہزار اہلکار ہیں۔ پاسداران انقلاب ایران کے بلیسٹک میزائل اور ایٹمی پروگراموں کی بھی نگرانی کرتا ہے۔

  2. بریکنگ, اسرائیلی حملوں میں پاسدران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا: ایران کا دعویٰ

    ایران کے سرکاری میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں پاسدران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ایران کے مقامی میڈیا پر بھی اس بارے میں اطلاعات دی جا رہی ہیں کہ اس جگہ پر آگ اور دھواں دیکھا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’اس بات کا امکان بڑھتا جا رہا ہے کہ‘ آج رات کے حملوں میں ایران کے سینیئر جوہری سائنسدان اور فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

  3. بریکنگ, اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے: بنیامن نتن یاہو

    اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے نے ’ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے۔‘

    نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی شہر نطنز میں ایران کی مرکزی جوہری افزودگی کے سینٹر کو نشانہ بنایا ہے جو ایران کے دارالحکومت سے 225 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2021 میں ایران نے اسرائیل پر اسی مرکز میں سائبر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

    نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے سائنسدانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایرانی ایٹمی بم پر کام کر رہے تھے۔

    نتن یاہو نے کہا کہ یہ حملے اتنے دن تک جاری رہیں گے جتنے دن تک ہمیں اہداف پورے نہیں کر لیتے۔‘

    نتن یاہو کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اسرائیل نے کچھ لمحوں قبل آپریشن رائزنگ لائن کا آغاز کیا ہے جو اسرائیل کی بقا کے خلاف ایرانی خطرے کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا آپریشن ہے۔ یہ آپریشن اتنے دن تک جاری رہے گا جب تک اس کے پھیلاؤ کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’حالیہ مہینوں میں ایران نے ایسے اقدامات اٹھائے جو اس سے پہلے اس نے کبھی نہیں اٹھائے تھے۔ یہ اقدامات افزودہ یورینیم کو ہتھیار میں بدلنے کے تھے۔ اگر ایران کو نہ روکا گیا تو یہ بہت کم وقت میں ایک جوہری ہتھیار بنانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ یہ ایک سال میں بھی ہو سکتا ہے اور چند ماہ کے اندر بھی، ایک سال سے بھی کم عرصے میں۔ اسرائیل کی بقا کو واضح اور فوری خطرہ ہے۔‘

  4. بریکنگ, اسرائیل نے تہران میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا: ایران کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ

    ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تہران اور دیگر شہروں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایران کے سرکاری میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

  5. امریکہ کا اسرائیل کے حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے: امریکی وزیرِ خارجہ

    امریکی وزیرِ خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کیے جانے کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ امریکہ کا اسرائیل کے ان حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے۔

    ان کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے مطابق ’آج رات اسرائیل نے ایران پر یکطرفہ کارروائی کی ہے۔ ہمارا ایران کے خلاف حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے اور ہماری اویلین ترجیح خطے میں امریکی افواج کی حفاظت ہے۔ اسرائیل نے ہمیں بتایا تھا کہ یہ کارروائی ان کے دفاع کے لیے ضروری ہے۔ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے اپنی افواج کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور وہ خطے میں اپنے شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ: ایران کو امریکی مفادات یا فوجیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

  6. بریکنگ, اسرائیل نے ایران کے ’جوہری پروگرام‘ پر متعدد حملے کر دیے، ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں

    اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر 'پیشگی حملے‘ کیے ہیں اور اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ان کی جانب سے کیے گئے اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انھیں ان حملوں کے بعد اسرائیل اور اس کے عام شہریوں پر مستقبل قریب میں میزائل اور ڈرون حملے کیے جانے کی توقع ہے۔

    ایک اسرائیلی فوجی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے متعدد حملے اس کے ’جوہری پروگرام اور دیگر عسکری اہداف پر ہیں۔‘

    اہلکار کا کہنا ہے کہ اس میں ملک کے مختلف حصوں میں درجنوں حملے شامل ہیں۔ اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے دور تک مار کرنے والے میزائلوں اور جوہری پروگرام سے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

    بی بی سی کے امریکہ میں شراکت دار سی بی ایس نیوز نے متعدد سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ امریکی حکام کو بدھ کو اسرائیل کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ وہ ایران پر حملے کرنے جا رہا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

  7. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔۔۔