روہنگیا بحران

روہنگیا بحران کیسے شروع ہوا
لاکھوں روہنگیا کی اپنے گھروں سے بےدخلی کو دنیا کا سب سے تیزی سے پھیلتا پناہ گزینوں کا بحران قرار دیا جا رہا ہے۔

اہم واقعات کی ٹائم لائن:

  • 24 اگست 2017
    مقام شمالی رخائن، برما
    تفصیلات ایک روہنگیا تنظیم اراکان روہنگیا سالویشن آرمی نے شمالی رخائن صوبے میں میانمار کی سرحدی پولیس پر حملہ کیا، جس میں 11 اہلکار مارے گئے۔ میانمار کی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس رات پولیس کے 20 کیمپوں پر بیک وقت حملہ کیا گیا۔
  • 25 اگست 2017
    مقام کوکس بازار
    تفصیلات ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں نے کوکس بازار کے اکھیا اور تیکناف علاقوں میں پناہ لی۔ انھوں نے بتایا کہ میانمار کی فوج لوگوں کو قتل کر رہی ہے۔
  • 26 اگست 2017
    مقام بنگلہ دیش
    تفصیلات بنگلہ دیش نے میانمار کے ڈھاکہ میں سفیر کو وزارتِ خارجہ میں طلب کر کے بحران پر تشویش ظاہر کی۔ اسی دن بنگلہ دیش کی سرحدی فوج نے بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے متعدد روہنگیا پناہ گزینوں کو گرفتار کر لیا۔ اس وقت ہزاروں روہنگیا سرحد کے اُس پار پھنس کر رہ گئے۔
  • 31 اگست 2017
    مقام بنگلہ دیش
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کے مطابق 27 ہزار کے قریب روہنگیا ایک ہفتے کے اندر اندر بنگلہ دیش پہنچ گئے
  • 3 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات میانمار کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی یانگ ہی لی نے رخائن کی صورتِ حال کو 'ہولناک‘ قرار دیا۔ لی نے میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی پر بھی تنقید کی
  • 5 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی نے ترک صدر اردوغان سے فون پر بات کرنے کے بعد کہا کہ رخائن کی صورتِ حال کو میڈیا توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ اسی دن انڈونیشیا کی وزیرِ خارجہ روہنگیا کے مسئلے پر بات کرنے کے لیے میانمار سے ہوتی ہوئی بنگلہ دیش پہنچیں۔
  • 6 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر روہنگیا بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔
  • 7 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات ترک خاتونِ اول اور وزیرِ خارجہ نے کوکس بازار پہنچ کر روہنگیا کیمپوں کا معائنہ کیا۔
  • 11 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے روہنگیا کے استحصال کو 'نسل کشی کی نصابی مثال‘ قرار دیا
  • 12 ستمبر 2017
    مقام کوکس بازار
    تفصیلات بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کوکس بازار میں اکھیا کے پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انھیں پناہ دے رکھی ہے۔
  • 13 ستمبر 2017
    مقام کوکس بازار
    تفصیلات 40 کے قریب سفارت کاروں اور تنظیموں کے نمائندوں نے بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے زیرِ اہتمام کوکس بازار کا دورہ کیا۔ اس کا مقصد میانمار حکومت پر زور ڈالنا تھا کہ وہ پناہ گزینوں کو واپس وطن جانے دے۔ اس وفد میں امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، روس، چین اور انڈیا کے سفیر شامل تھے۔
  • 21 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے روہنگیا بحران کے حل کے لیے پانچ نکاتی سفارشات پیش کیں۔ ان میں روہنگیا کا قتلِ عام روکنا، ان کی واپسی، اور ریاست رخائن میں ان کے گھروں کی تعمیرِ نو شامل تھے۔
  • 27 ستمبر 2017
    مقام
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے مطابق بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی تعداد پانچ لاکھ ہو گئی۔
  • 28 ستمبر 2017
    مقام نیویارک
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے آٹھ برسوں بعد روہنگیا کے بحران کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے میانمار پر تنقید کی۔
  • 6 نومبر 2017
    مقام نیویارک
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ روہنگیا بحران ختم کیا جائے۔ اقوامِ متحدہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ وہ روہنگیا پر ظلم و ستم اور نسلی تفریق ختم کرے۔ چین نے بھی اس بیان کی تائید کی۔
  • 18 نومبر 2017
    مقام ڈھاکہ
    تفصیلات چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے ڈھاکہ کا دورہ کر کے بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ محمود علی سے روہنگیا کے بحران پر بات کی۔
  • 23 نومبر 2017
    مقام نیپیادو
    تفصیلات بنگلہ دیش اور میانمار نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جس میں کہا گیا تھا کہ روہنگیا کو واپس وطن میں آباد ہونے دیا جائے گا۔ میانمار نے کہا کہ وہ شناخت کی تصدیق کے بعد ایسا کرے گا۔ فیصلہ ہوا کہ میانمار ہر روز 300 پناہ گزینوں کو واپس لے گا۔ حکام کے مطابق یہ عمل اگلے دو برسوں میں مکمل ہو گا۔
  • 30 نومبر 2017
    مقام ڈھاکہ
    تفصیلات پوپ فرانسس نے ڈھاکہ کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے ڈھاکہ کے ایک چرچ میں روہنگیا بحران کے بارے میں بات کی۔ اس سے قبل انھوں نے میانمار کے دورے کے دوران لفظ روہنگیا استعمال نہیں کیا تھا۔
  • 16 فروری 2018
    مقام ڈھاکہ
    تفصیلات بنگلہ حکومت نے برمی حکومت کو آٹھ ہزار روہنگیا کی فہرست فراہم کی جنھیں واپس میانمار بھیجا جانا تھا۔ بعد میں میانمار نے فہرست میں سے صرف 374 لوگوں کو قبول کرنے پر رضامندی دی۔
  • 29 اپریل 2018
    مقام بنگلہ دیش
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک وفد نے روہنگیا کیمپوں کا دورہ کیا۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ یہ بحران جلد حل نہیں کیا جا سکتا۔ وفد میں شامل روسی نمائندے نے کہا کہ روہنگیا بحران کا کوئی جادوئی حل نہیں ہے۔
  • 2 جولائی 2018
    مقام کوکس بازار
    تفصیلات اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش اور ورلڈ بینک کے صدر جم ینگ نے کوکس بازار کا دورہ کیا۔ گوتیرش نے کہا: 'روہنگیا انصاف چاہتے ہیں اور بحفاظت وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ان کا دل روہنگیا کی حالتِ زار دیکھ کر ٹوٹ گیا ہے۔

کریڈٹس

ہدایات: شاداب نظمی

ڈیویلپمنٹ: اولاویل مالومو، دھرو نینوانی

فوٹو کریڈٹ: اے ایف پی، گیٹی امیجز

یہ صفحہ شیئر کریں

    ٹوئٹر پر شیئر کریں
    فیس بک پر شیئر کریں
    وٹس ایپ پر شیئر کریں
  • whatsapp
  • ای میل کے ذریعے شیئر کریں