مریم نواز سے متعلق پوسٹ کے بعد پی سی بی کا نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس

،تصویر کا ذریعہGetty Images/PCB
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سنٹرل کنٹریکٹ اور میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھیجا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نسیم شاہ نے تصدیق کی تھی کہ جمعرات کو اُن کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں کامیابی کے ساتھ بحال کرا لیا گیا تھا۔
جمعرات کو پاکستان سپر لیگ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں درج تھا کہ 'ان کے ساتھ ملکہ کی طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟'
نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس تقریب سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے پر کی گئی جس میں مریم نواز، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ کھلاڑیوں سے مل رہی تھیں۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی، جس میں نسیم شاہ کے فینز اور کرکٹ مبصرین اس خدشے کا اظہار کر رہے تھے کہ یہ نسیم شاہ کے لیے مستقبل میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہX/@iNaseemShah
ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا تھا کہ یہ شوکاز نوٹس ڈسپلنری فری ورک کے تحت بھیجا گیا اور یہ کہ نسیم شاہ کو جواب دائر کرنے کے لیے وقت دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ قوانین کے تحت آئندہ کیا کارروائی کی جائے گی۔
اس کا کہنا ہے کہ پی سی بی پیشہ ورانہ معیار، کنٹریکٹ کے تقاضوں اور کھیل کی ساکھ قائم رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ میں شامل ہیں، جس نے اُنھیں آٹھ کروڑ 65 لاکھ روپے کے عوض خریدا تھا۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور مریم نواز کی شرکت
مشرقِِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور خطے کی صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے میچز شائقین کے بغیر کروانے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی تھی، تاہم جمعرات کو پی ایس ایل کے پہلے میچ سے پہلے ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔
پی سی بی کی جانب سے اس تقریب کی تصاویر جاری کی گئیں، جن میں مریم نواز کے ہمراہ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ہیں اور مریم نواز کو فرنچائز مالکان، کھلاڑیوں اور امپائرز کے ساتھ ملاقات کرتے دکھایا گیا ہے۔
نسیم شاہ کے ایکس اکاونٹ سے انھیں تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے مریم نواز سے متعلق ٹوئٹ کی گئی جسے کچھ دیر بعد حذف کر کے نسیم شاہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی۔
لیکن اس سے پہلے یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا رہا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
’نسیم شاہ اب آگے آپ کے لیے بہت مشکلات ہوں گی‘
شیری نامی صارف نے لکھا کہ ’نسیم شاہ یہ آپ نے کیا کر دیا، آگے چل کر آپ کے لیے بہت سی مشکلات ہوں گی۔‘
کچھ صارفین نے سوال اُٹھایا کہ ’اب تو ایکس اکاونٹ ہیک کرنا بہت مشکل ہے، کہیں نسیم شاہ کی وضاحت اُن کی پہلے کی گئی ٹویٹ کا نقصان کم کرنے کی کوشش تو نہیں؟‘
عروج جاوید نے لکھا کہ پی ایس ایل کا میچ ایک طرف تھا اور ’نسیم شاہ کی ٹویٹ پر ہونے والی بحث ایک طرف ہے۔‘ اس پر ایک صارف نے لکھا کہ ہو سکتا ہے کہ ان کا اکاونٹ ہیک ہو گیا ہو۔
حیات الرحمن نامی صارف نے نسیم شاہ کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ممکن نہیں ہے کہ نسیم شاہ ایسی ٹویٹ کریں، اُن کا اکاونٹ ہیک ہو گیا ہو گا۔‘
23 سالہ نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے اب تک 20 ٹیسٹ، 34 ون ڈے اور 37 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
راولپنڈیز سے قبل وہ اسلام آباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہX/@CallMeSheri1_
اگر ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو پھر کیا کیا جائے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
اگر کسی وجہ سے کسی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہو جائے اور اس کے پاس اکاؤنٹ تک رسائی نہیں رہتی تو وہ ایکس (سابق ٹوئٹر) کے ’ہیلپ سینٹر‘ کے لنک پر جا کر وہ موجود فارم میں تفصیلات درج کر کے بھی اپنا اکاؤنٹ واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
ہیلپ سینٹر کے لنک پر پوچھا جاتا ہے کہ کیا آپ ہیک ہونے کے بعد بھی اپنا ایکس اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں۔
اس سوال کے جواب کے مطابق آپ کو اگلا سوال دیکھایا جاتا ہے۔
اگر اکاؤنٹ تک رسائی نہیں رہی تو صارف سے اس کا ہینڈل اور اکاؤنٹ سے منسلک ای میل کا پوچھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پوچھا جاتا ہے کہ آخری دفعہ اکاؤنٹ تک رسائی کب ہو رہی تھی اور پھر پوچھا جاتا ہے کہ اکاؤنٹ بناتے ہوئے کون سا ای میل یا فون نمبر استعمال کیا گیا تھا۔
اس کے بعد آپ سے مزید معلومات لی جاتی ہیں کہ آیا اس ای میل تک آپ کی رسائی ہے یا جو فون نمبر آپ نے بتایا ہے اس پر آپ کو ایس ایم ایس موصول ہو جاتا ہے، آپ کس ملک میں مقیم ہیں، آپ کو کیا شک ہے کہ کیسے آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہوا، اپنے مسئلے کی تفصیل لکھیے، اگر کوئی سکرین شاٹ ہے تو وہ ہیلپ سینٹر کو فراہم کیجیے۔
یہ معلومات جمع کروائی جاتی ہیں اور اس کے بعد ایکس رسائی بحال کرنے کے لیے مناسب کارروائی کرتا ہے۔
اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ کو اکاؤنٹ کی رسائی حاصل ہے تو وہ آنے والے فارم میں آپ سے آپ کا ای میل، یوزر نیم یا فون نمبر وغیرہ مانگے جاتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کے ای میل یا نمبر پر کوڈ بھیجا جاتا ہے۔ کوڈ کے کامیابی سے اندراج کے بعد ایکس آپ کو نیا پاس ورڈ درج کرنے کا کہتا ہے۔


























